نعت برنگِ شمائل

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

نعت برنگِ شمائل (مرزا حفیظ اوج) جیسا کہ کتاب کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ اس کتاب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے شمائل منظوم انداز میں پیش کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب 2 ابواب پر مشتمل ہے پہلا باب شمائل النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اورنعت گو شعراء کے کلام شمائل النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر مشتمل ہے جبکہ دوسرا باب نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عادات مبارکہ اور ان سے متعلق نعتیہ شاعری پر مشتمل ہے۔ان دونوں ابواب میںموضوع کے اعتبار سے پہلے قرآنی آیات کو شامل کیا گیا ہے ، اس کے بعد احادیث مبارکہ سے استفادہ کیا گیا ہے اور آخر میں اس موضوع پر مشتمل اشعار کو شاعر کے نام کے ساتھ شامل کیا گیا ہےجو انیسویں صدی عیسوی سے عصر حاضر تک کےشعراء ہیں۔ کتاب کے آغاز میں شمائل کی تعریفات بیان کی گئی ہیں، اس کے بعد کتب شمائل کا چیدہ چیدہ تذکرہ موجود ہے اور ساتھ ہی کتب شمائل النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارتقائی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہر ہر عضو مبارک کے بارے میںممکنہ قرآنی آیات، احادیث صحیحہ اور ان بعد اسی عضو مبارک پر نعتیہ اشعار شامل کیے گئے ہیںیعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہر ہر عضو مبارک مثلاً نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا حلیہ مبارک، موئے مبارک، جبین اقدس، ابروئے مبارک، چشمان مقدس، رخسار مبارک، گوش اقدس و سماعت، لب اقدس، زبان اقدس، ریش مبارک، گردن مبارک، سینہ مبارک، قلب اطہر، بازوئے مبارک، ہتھیلی و انگشت اقدس، شکم اطہر، ناف مبارک، پائے اقدس اور ایڑیاں مبارک کے بارے میں مستند احادیث تخریج کے ساتھ نقل کی گئی ہیں، او ربعد ازاں اشعارِ شمائل النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم تحریر کئے گئے ہیں۔ دوسرا باب عاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا اسلوب بھی سابقہ باب کی طرح کا ہے جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا خُلق عظیم، زہد و ورع، فقر و غنا، شجاعت و بہادری، عبادات و ریاضت، نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی گفتار و رفتار اور دیگر عادات مبارکہ شامل ہیں۔حسب سابق ہر ہر عادت نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے ممکنہ قرآنی آیات اور احادیث صحیحہ کا التزام کیا گیا ہے اور بعد ازاں نعت گو شعر کے وہ نعتیہ کلام جو ان موضوعات پر کہے گئے ہیں شامل کئے گئے ہیں۔ " نعت برنگِ شمائل "320 صفحات پر مشتمل ہے اور اسے مکمل کرنے کے لیے 50 سے زائد کتب وجرائد سے استفادہ کیا گیا ہےجبکہ 117نعت گو شعراء کے کلام شامل کئے گئے ہیں جن کی فہرست کتاب کے آخر میں الف بائی انداز میں تحریر ہے