یاد نبی میں گم ہوجانا کتنا اچھا لگتا ہے ۔ عارف خواجہ

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 16:18، 7 نومبر 2017ء از Admin (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (نیا صفحہ: {{بسم اللہ }} شاعر: عارف خواجہ === {{نعت }} === یادِ نبیؐ میں گم ہو جانا کتنا اچھا لگتا ہے گمشدگی میں...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر: عارف خواجہ

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

یادِ نبیؐ میں گم ہو جانا کتنا اچھا لگتا ہے

گمشدگی میں رستہ پانا کتنا اچھا لگتا ہے


ہر دم بھینی بھینی خوشبو ، ہر سو نور کے جلوے ہیں

طیبہ کا ماحول سہانا کتنا اچھا لگتا ہے


حکم ہے تم دربارِ نبیؐ میں پست رکھو آوازوں کو

چپکے چپکے اشک بہانا کتنا اچھا لگتا ہے


تسبیحِ اصحاب میں کیا کیا رنگ برنگے موتی ہیں

ہم کو لڑی کا دانہ دانہ کتنا اچھا لگتا ہے


آپؐ کے ہاتھ پہ بیعت کرنا بیعانہ ہے جنت کا

خلدِ بریں کا یہ بیعانہ کتنا اچھا لگتا ہے


نذر کرو تم صلِّ علیٰ کا تحفہ اپنے آقاؐ کو شاہِ اممؐ کو یہ نذرانہ کتنا اچھا لگتا ہے


ہر مومن کا کامل ایماں ہے تطہیر کی آیت پر

پاک نبیؐ کا پاک گھرانا کتنا اچھا لگتا ہے


ایک پیالہ ، اک مشکیزہ ، ایک چٹائی ، ایک عصا

شاہِ دو عالم کا کاشانہ کتنا اچھا لگتا ہے


کعبؓ کہاں ، حسّانؓ کہاں اور عارفؔ ہیچ مدان کہاں

اس زمرے میں نام ہی آنا کتنا اچھا لگتا ہے