گھروں کو سجاو، دلوں کو سنوارو، نگاہیں جھکاو، حضور آرہے ہیں ۔ ندیم نقشبندی
شاعر: ندیم نقشبندی
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
گھروں کو سجاؤ، دلوں کو سنوارو، نگاہیں جھکاؤ، حضور آرہے ہیں
انہیں کی ہوں باتیں، انہیں کی ہوں نعتیں، سنو اور سناؤ حضور آرہے ہیں
دلِ آمنہ کا سرور اللہ اللہ، حلیمہ کی آنکھوں کا نور اللہ اللہ
بہر سو قریب اور دور اللہ اللہ، یہی رکھ رکھاؤ حضور آرہے ہیں
بہاروں نے فرشِ زمیں کو سجایا، نسیمِ سحر نے دلوں کو لُبھایا
سحر کی کرن نے یہ مژدہ سنایا، سنو بے نواؤ! حضور آرہے ہیں
دو عالم پے چھائے ہیں رحمت کے بادل، بھرے ریگزارِ عرب اپنے چھاگل
ندا غیب سے آرہی ہے مسلسل، کہ ہر غم بھلاؤ، حضور آرہے ہیں
وہ محبوب داور، رسولِ معظم، وہ حق کے پیغمبر، شہنشاہِ عالم
ہیں نورِ سراپا وہ حسنِ مجسم، دلوں کو لبھاؤ، حضور آرہے ہیں
نگاہوں کو اپنی مصفّا بنولو، دلوں کو حبیبِ خدا سے لگالو
چلو عمر بھر کے گنہ بخشوا لو، ارے پُر خطاؤ، حضور آرہے ہیں
زمیں کی جبیں سے سیاہی دھلے گی، سیاہی دھلے گی قسمت کھلے گی
تو پھر سب کی قسمت بھی آواز دے گی، کہ خوشیاں مناؤ، حضور آرہے ہیں
بڑی برکتوں والی رات آج کی ہے، کہ یہ صاحب تاج ومعراج کی ہے
ندا یہ فرشتوں کے سرتاج کی ہے، پروں کو بچھاؤ، حضور آرہے ہیں
ترا دل ہے آقا کی فرقت میں گھائل، سجائی ہے سرکار کی تو نے محفل
ندیم اسے مکمل شفا ہوگی حاصل، بھریں گے یہ گھاؤ، حضور آرہے ہیں