سنت کی پیروی بھی ہے لازم ثنا کے ساتھ ۔ رفیع الدین راز

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: رفیع الدین راز

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

سنّت کی پیروی بھی ہے لازم ثنا کے ساتھ

یعنی دعا بھی کیجیے لیکن دوا کے ساتھ


اللہ رے! یہ ارض کا رشتہ سما کے ساتھ

عالم کا رہنما ہے مرے رہنما کے ساتھ


اک طفل بے ہنر کی طرح ہاتھ تھام کر

محو سفر تھا وقت حبیب خدا کے ساتھ


نکہت ثنا کی دل ہی نہیں سانس میں بھی ہے

اک رشتہ مرا پھول سے ہے اک صبا کے ساتھ


کس درجہ خوش نصیب تھے اس عہد کے وہ لوگ

ہوتے تھے ہم کلام جو خیرالوایٰ کے ساتھ


اللہ کر رہا ہے تکلّم رسول سے

ہے گفتگو سخن کی سخن آشنا کے ساتھ


پڑھتا ہوں جب بھی اُسوۂ احسن کو غور سے

لگتا ہے جیسے ہوں میں رسولِ خدا کے ساتھ


تہذیب یافتہ نہ ہو کیسے یہ کائنات

روزِ ازل سے ہے یہ مرے مصطفیٰ کے ساتھ


حیراں ہیں راز! وقت کی آنکھیں یہ دیکھ کر

اک مشّتِ خاک محوِ سخن ہے خدا کے ساتھ