شاہِ زمانہ شاہِ دوعالَم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: عبید اعظم اعظمی

بشکریہ: عالم نظامی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

شاہِ زمانہ شاہِ دوعالَم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی

عرشِ ابد کے نیّرِ اعظم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی


رتبہ جو چاہتا ہو سدا احترام کا، جھنڈا اُٹھائے رکھّے محمدؐکے نام کا

جھکنے نہ دیں گے حشر میں پرچم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



اُمت پہ اپنی کل بھی عنایت کریں گے وہ، اللہ کے حضور شفاعت کریں گے وہ

محشر میں ہوں گے چارہ گرِ غم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی


دل جو ہے عظمتِ شہِ والا لیے ہوئے، جائے گا وہ لحد میں اجالا لیے ہوئے

کوئی نہیں ہے جیسے ہیں ہمدم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی


بجھتا ہوا چراغ بھی آج آفتاب ہے، اُن کا کہا جو مان لے وہ کامیاب ہے

داعی نبی ہیں ہادیِ اعظم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



سرداری چاہتا ہو جو اِس عرصہ گاہ کی، نعلین سرپہ رکھ لے رسالت پناہ کی

صدرالصدور مرکزِ عالَم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



یارب جہاں میں اور نہ کسی کے غلام ہوں، اہل و عیال میرے نبیؐ کے غلام ہوں

صادق، امین، اشرف و احکم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



جو چاہتا ہو مرتبہ دونوں جہان میں، پڑھتا رہے قصیدہ محمدؐ کی شان میں

کونین میں ہیں ارفع و اقدم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



یارب یہی دعا ہے عقیدت بھری رہے، دل میں رسولِ پاکؐ کی چاہت بھری رہے

میرے فگار دل کے ہیں مرہم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



فائز ملیں گے کل وہ نمایاں مقام پر، جو لوگ مر مٹے ہیں محمدؐ کے نام پر

رکھتے ہیں کیسی شانِ معظم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی



تقدیر کا دھنی ہوں عبیدؔاعظم اعظمی، میں اُن کا اُمَّتی ہوں عبیدؔ اعظم اعظمی

عالَم خدا کا رحمتِ عا لَم مِرے نبی صَلُّوا عَلَی النَّبی وَ سَلام’‘ عَلَی النَّبی