وہ صبحِ منوّر مکّے کی 'وہ جگمگ رات مدینے کی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

Naat Kainaat Saud Usmani.jpg

شاعر: سعود عثمانی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

وہ صبحِ منوّر مکّے کی 'وہ جگمگ رات مدینے کی

عمّامہ سنہرے ریشم کا 'چادر نیلے پشمینے کی


صحرا سے ندا سی آتی ہے راتوں میں مجھ کو جگاتی ہے

یہ دل پر تھاپ کسی دَف کی یہ ہُوک کسی سازینے کی


ان اونچے ٹیلوں کے پیچھے کوئی ہجر کا نغمہ گاتا ہے

ہم ٹھنڈی ریت پہ بیٹھے ہیں'میں اور یہ شب زرّینے کی


کل رات یکایک جاگ اٹھے کچھ منظر خفتہ یادوں کے

پھر خوشبو آئی قہوے کی پھر تیز مہک پودینے کی


میں جو اور دودھ پکاتا ہوں پھر ان میں شہد ملاتا ہوں

مرے دل سے رنج مٹاتی ہے تاثیر اسی تلبینے کی


اک عنبر صاع کھجوروں کا اک خوشہ سبز انگوروں کا

یہ سب یاقوت و زمرد ہیں دولت انمول خزینے کی


جو کی روٹی کا نوالہ ہے اک برتن سرکے والا ہے

یہ دنیا قیمت کیا جانے مرے مملوکہ گنجینے کی


اک کوزہ مجھ کو بلاتا ہے جی بھر کے نبیذ پلاتا ہے

پھر پیاس مری بھڑکاتا ہے اک سیرابی میں جینے کی


ممکن ہے کہ اک دن یہ دونوں مرے ہاتھ پکڑ کر لے جائیں

یہ خواہش عجوہ کھانے کی' یہ حسرت زمزم پینے کی


میں بئر اریس پہ بیٹھا ہوں پانی پر نقش ابھرتے ہیں

وہ نقرئی مہر انگوٹھی کی' خاتم نقشین نگینے کی .....................


اے خالق عظمتِ ابجد کے' اے خالق نعتِ محمد(ص) کے

سکھلا دے لفظ سلیقے کے' بتلادے بات قرینے کی


ممکن ہے کہ دوسری دنیا کی تقویم میں بس اک ساعت ہو

اس ماہ ربیع الاوّل کی'اس عالم ساز مہینے کی


تشکیک زدہ ان لوگوں میں ہم لوگ یقیں پروردہ ہیں

ہم آخری منزل جانتے ہیں اس نیلے گول سفینے کی


تھک ہار کے آخر جب تجھ تک آئے گی تو دنیا کردے گی

تائید سبھی اندازوں کی' تصدیق ہراک تخمینے کی


واللہ انہی کے کرم سے ہے' لاریب انہی کے دم سے ہے

یہ ندرت میرے لفظوں میں یہ برکت میرے سینے کی


سرمایہ میرے اب و جد کا یہ ہیرا دینِ محمد کا

سب رب کی عطا اور محنت ہے نسلوں کے خون پسینے کی


شجرے کے آخری کونے پر اک نام سعود بھی لکھا ہے

یہ پیڑھی نچلی سیڑھی ہے چو دہ سو سالہ زینے کی


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
نئے اضافہ شدہ کلام
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات