نویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش
معروف ادبی تنظیم چوپال پاکستان کے اشتراک سے
محفلِ نعت حسن ابدال کا نواں ماہانہ نعتیہ مشاعرہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
زیرِ صدارت : اعجاز خان ساحر ( سرپرستِ اعلیٰ ادبی تنظیم چوپال پاکستان ) |
مہمانانِ خصوصی : محمد عارف قادری |
میزبان : مولانا حفیظ الرحمٰن عابد الازہری |
نظامت : ڈاکٹر ملک ذوالفقار علی دانش (سیکرٹری محفلِ نعت حسن ابدال) |
مقام : جامع محمدیہ غوثیہ گلزارِ مدینہ ہزارہ روڈ حسن ابدال |
تاریخ : ہفتہ 26 اگست 2017 بمطابق 3 ذی الحجہ 1438 ھجری |
شرکائے مشاعرہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
محفل میں شرکت کرنے والے شعرا ء کرام کے اسمائے گرامی درجہ ذیل ہیں
اٹک و کامرہ سے جناب حسین امجد ، جناب حافظ عبدا لغفار واجد ، فتح جنگ سے جناب اعجاز خان ساحر ، جناب داؤد تابش ، جناب شوکت کمال رانا ، جناب محمد ریاض کاوش ، حضرو سے جناب عقیل جذبی ، برہان سے جناب ڈاکٹر ظفر برہانی ، واہ کینٹ سے جناب پروفیسر ڈاکٹر اسد مصطفےٰ ، جناب آصف قادری اور جناب عارف قادری ، اور حسن ابدال سے جناب سید محب شاہ اور راقم الحروف ڈاکٹر ملک ذوالفقار علی دانش
مشاعرے کی کاروائی[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
حسن ابدال اور گرد و نواح میں نعتیہ ادب کے فروغ کے لیے قائم تنظیم محفل نعت پاکستان حسن ابدال کے تحت نواں مسلسل ماہانہ نعتیہ مشاعرہ ملک گیر ادبی تنظیم چوپال پاکستان کے نعت فورم کے اشتراک سے بتاریخ 26 اگست 2017 بمطابق 3 ذی الحج 1438 ھجری بروز ہفتہ جامعہ محمدیہ غوثیہ گلزارِ مدینہ حسن ابدال میں جناب مولانا حفیظ الرحمٰن عابد الازہری کی میزبانی میں منعقد ہوا ۔ محفل کی صدارت فتح جنگ سے خوصوصی طور پر محفل میں شرکت کرنے والے معروف نعت گو شاعر اور ادبی تنظیم چوپال پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ جناب سردار اعجاز خان ساحر نے کی ۔ اس موقع پر معروف نعت گو شاعر جناب محمد عارف قادری مہمانِ خصوصی تھے ۔ واہ کینٹ سے معروف مذہبی سکالر جناب محمد افضل منیر صاحب اور حسن ابدال سے معروف صحافی و کالم نگار جناب ملک شاہد اعوان اور صحافت ہی سے وابستہ ان کے صاحبزادے جناب ملک خرم اعوان خصوصی طور پر رونق آرائے بزم ہوئے ۔ حسبِ دستور نظامت کے فرائض صدر چوپال پاکستان اسلام آباد ریجن و محفلِ نعت حسن ابدال کے سیکرٹری ڈاکٹر ملک ذوالفقار علی دانش نے سرانجام دیے ۔ تلاوت کی سعادت جناب مولانا قاری عبدالواحد نے حاصل کی - محفل کے اختتام پر میزبانِ محفل نے تمام حاضرینِ محفل کے علم و عمل میں برکت کے لئے خصوصی دعا کی اور گزشتہ روز وفات پانے والی محفلِ نعت حسن ابدال کے صدر قیصر ابدالی کی بھانجی کے لیے دعائے مغفرت کی ۔ انھوں نے شرکائے محفل کی فلاحِ دارین کے لئے بھی خصوصی دعا فرمائی۔ صدرِ محفل نے اس موقع پر محفلِ نعت حسن ابدال کے جملہ اراکین کو تسلسل کے ساتھ محافلِ نعت کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ حضور ختمی مرتبت ﷺ کی مدح و ثنا کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری و ساری رہے گا۔ بعد ازاں شرکائے محفل میں نامور نعت گو شاعر سید شاکر القادری کی ادارت میں شائع ہونے والے سہ ماہی مجلہ فروغِ نعت اٹک کے تازہ شمارے کے نسخے تقسیم کئے گئے ۔
مشاعرے میں پیش کیے گئے گلہائے عقیدت[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
اس مبارک محفل میں پیش کئے گئے منتخب گلہائے نعت ملاحظہ کیجیئے:
سردار اعجاز خان ساحر - صدرِ محفل
مرا بدن جو کوئے مدینہ کی خاک اوڑھے
کہے زمانہ کہاں پڑی ہے کہاں کی مٹی
صدائے کلمہ سنائی دے پھر وہاں وہاں سے
جہاں جہاں تک آئی تیرے کارواں کی مٹی
محمد عارف قادری – مہمانِ خصوصی
یہ زمیں مہکتی ہے ، آسماں مہکتے ہیں
مصطفےٰ کی خوشبو سے دو جہاں مہکتے ہیں
عشقِ شاہِ بطحا میں مر کے ہے بقا پائی
اس لیے فقیروں کے آستاں مہکتے ہیں
محمد آصف قادری
سجے ہیں آپ سے کونین ، اے شہِ کونین !
ہیں آپ باعثِ دارین ، اے شہِ کونین !
بس ایک لطف و کرم کی نظر کا طالب ہے
گدائے کوچہِ حسنین ، اے شہِ کونین !
محمد ریاض کاوش
مجھ کو سرکارِ عالم کی الفت بہت
میں نے مانگی کسی سے ہے کب روشنی ؟
دل خمیدہ ہے جب سے درِ یار پر
میرا دن روشنی ، میری شب روشنی
ڈاکٹر ظفر برہانی
غلامی ءِ مصطفےٰ سے پہلے میں کچھ نہیں تھا میں کچھ نہیں تھا
نبی کی مدح و ثنا سے پہلے میں کچھ نہیں تھا میں کچھ نہیں تھا
سید محب شاہ
نہ دنیا کا غم ہو نہ عقبیٰ کا غم ہو
خدایا غمِ ہجرِ احمد عطا ہو
عقیل جذبی
دعاؤں میں ہر دم مدینہ مدینہ
ہمارے محمد ہمارا مدینہ
شوکت کمال رانا
بھیک جلووں کی جب سے مجھے مل گئی
آرزو کچھ نہیں ، مدعا کچھ نہیں
بھر کے جھولی مری رحمتوں نے کہا
کیسا منگتا ہے تُو مانگتا کچھ نہیں
حافظ عبد الغفار واجد
جب طلاطم میں کبھی میرا سفینہ آیا
دفعتاً میرے خیالوں میں مدینہ آیا
اُن کی رحمت کو جو دیکھا تو چلی بادِ خُنَک
اپنے اعمال کو دیکھا تو پسینہ آیا
پروفیسر ڈاکٹر اسد مصطفےٰ
مجھے بھی آپ کی نسبت بچائے دشمن سے
مرے بھی گھر پہ کوئی مکڑیوں کا جالا ہو
خزاں کے سارے مہینے بہار ہو جائیں
درِ رسول جو مقبول میرا نالہ ہو
حسین امجٖد
آپ سچے خدا کے ہیں سچے نبی
آپ جیسا نہیں دوسرا محترم
اے حبیبِ خدا ، سرورِ انبیا ء
آپ کا ہر عمل ، ہر ادا محترم
داؤد تابش
جو نورِ ازل ، ختم الرسل ، شافعِ محشر
انصاف سے کہنا ، وہ نبی ہم سا بشر ہے ؟
ہے عقلِ بشر ورطہِ حیرت میں مسلسل
دوگام حرم سے تیرا سدرہ کا سفر ہے
ڈاکٹر ملک ذوالفقار علی دانش ( ناظمِ مشاعرہ )
بعدِ " تطہیراً " کلامِ پاک میں " وَاذکُرنَ " ہے
یعنی اہلِ بیت میں ازواج ہیں شامل تمام
سورہِ احزاب میں فرما رہا ہے خود خدا
مومنوں کی ماں ہے ہر اک زوجہِ خیرُ الانام