عرب کے چاند کے چہرے کی تابانی کوئی دیکھے
نعت کائنات سے
شاعر: افضل الہ آبادی
بشکریہ:عالم نظامی
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
عرب کے چاند کے چہرے کی تابانی کوئی دیکھے
شہ کونین کا یہ حسن لاثانی کوئی دیکھے
منور ہے جمال مصطفے کے نور تاباں سے
جناب حضرت یوسف کی پیشانی کوئی دیکھے
مرے سرکار کرتے ہیں طواف خانئہ کعبہ
درو دیوار کعبہ کی یہ حیرانی کوئی دیکھے
در آقا پہ اب تک حاضری میری نہ ہو پائی
مرے چہرے پہ آثار پشیمانی کوئی دیکھے
میں نعت پاک پڑھتا ہوں تو دل کو چین ملتا ہے
رسول پاک کا یہ فیض روحانی کوئی دیکھے
ابو ایوب انصاری کے گھر مہمان ہیں آقا
مدینے والے کی یہ شان مہمانی کوئی دیکھے
اڑی خوشبو زمانے بھر میں پھر حق اور صداقت کی
گلستان نبی کے گل کی قربانی کوئی دیکھے
جو خوں کے پیاسے تھے ان پر بھی پھیرا ہاتھ شفقت کا
نبی کے بحر رحمت کی یہ طغیانی کوئی دیکھے