جز آپ کے اے شاہ رسولاں نہیں دیکھا ۔ شفیق بریلوی

نعت کائنات سے
This is the approved revision of this page, as well as being the most recent.
Jump to navigationJump to search


شاعر: شفیق بریلوی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

جُز آپ کے اے شاہِ رسولاں نہیں دیکھا

طالب ہے خدا جس کا وہ انساں نہیں دیکھا


قرآن میں اللہ نے تعریف کی ان کی

ہے کون جسے ان کا ثناء خواں نہیں دیکھا


نفرت ہو جسے ذکرِ شہنشاہِ زمن سے

ایسا تو کوئی ہم نے مسلماں نہیں دیکھا


جس دل میں نہیں سرورِ عالم کی محبت

شاداں نہیں دیکھا اسے شاداں نہیں دیکھا


کیوں عظمتِ سرکار سے انکار ہے تجھ کو

منکر یہ بتا تونے کیا قرآں نہیں دیکھا


کیا آئیں نظر اس کو بَھلا عرش کے جلوے

جس نے کہ درِ سرورِ ذیشاں نہیں دیکھا


ثابت ہی قدم رہتے ہیں اَفکار واَلم میں

بس اُن کے غلاموں کو پریشاں نہیں دیکھا


واللہ شفیق امتِ عاصی کے وہی ہیں

اُمًت کا کوئی اور نگہباں نہیں دیکھا