دل درد سے بسمل کی طرح لوٹ رہا ہو ۔ حسن رضا خان
نعت کائنات سے
This is the approved revision of this page; it is not the most recent. View the most recent revision.
شاعر : حسن رضا خان
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
دل درد سے بسمل کی طرح لوٹ رہا ہو
سینے پہ تسلی کو ترا ہاتھ دھرا ہو
گر وقت اجل سر تری چوکھٹ پہ جھکا ہو
جتنی ہو قضا ایک ہی سجدے میں ادا ہو
دیکھا انہیں محشر میں تو رحمت نے پکارا
آزاد ہے جو آپ کے دامن سے بندھا ہو
آتا ہے فقیروں پہ انہیں پیار کچھ ایسا
خود بھیک دیں اور خود کہیں منگتوں کا بھلا ہو
فردوس کے باغوں سے ادھر مل نہیں سکتا
جو کوئی مدینہ کے بیاباں میں گما ہو
دے ڈالیے اپنے لب جاں بخش کا صدقہ
اے چارہ دل ! درد حسن کی بھی دوا ہو