درشن سنگھ دکل

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


معروف روحانی ،سماجی اور علمی شخصیت صوفی سنت درشن سنگھ دُکل مرحوم کے بارے میں اُردو دنیا کا ہر خاص وعام واقف و آگاہ ہے کہ آپ ساون کرپال روحانی مشن کے سربراہ اور پیشوا کی حیثیت سے مشہور زمانہ ہیں۔آپ کے لاکھوں مرید پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں آپ نہ صرف ایک صوفی صافی بزرگ تھے بلکہ اُردو کے نہایت مقبول شاعر اور دانشور بھی تھے۔کئی مجموعوں کے خالق درشن سنگھ دُکل صاحب شاعری میں صوفی غلام مصطفی تبسم اور شمیم کرہانی سے مشورۂ سخن فرماتے تھے۔آپ کی ولادت 1931ء میں ہوئی ۔عربی ،فارسی،اُردو،ہندی ،پنجابی اور انگریزی زبان کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے مرکزی حکومت ہند میں ڈپٹی سیکریٹری کے عہدے پر فائز بھی رہے ۔لیکن پھر وہ اپنے والد محترم سنت کرپال سنگھ جی مہاراج کے جانشین اورعالمی روحانی مشن کے سربراہ بن گئے ،شاعری انھوں نے ۳۸ برس کی عمر میں شروع کی ،ان کا کلام روحانی تعلیم ،فلسفہ تصوف اور اعلیٰ انسانی قدروں کا آئینہ ہے تین گرانقدر مجموعے ’جادۂ نور ‘، ’تلاشِ نور‘،اور ’منزلِ نور‘ آپ کی یادگار ہیں۔احترامِ کل مذاہب سنت صاحب کا نصب العین اور فطری مزاج تھا۔خوبصورت نعتیں اور منقبتیں کہی ہیں۔

نمونہ کلام[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

روح انساں کو حقیقت سے ملانے والے

مرحبا نغمۂ توحید سنانے والے

دَور پر دَور چلے بادۂ اخلاص کا پھر

منتظر بیٹھے ہیں سب پینے پلانے والے

کردے بیدار ذرا پھر سے ضمیر انساں

خوابِ غفلت سے زمانے کو جگانے والے

خاکِ پا کو تری اے نورِ خدا کے حامل

سرمۂ چشم بناتے ہیں بنانے والے

ہم فقیروں پہ بھی ہوجائے ترا لطف و کرم

بار ہنس ہنس کے غریبوں کا اُٹھانے والے

لو لگا ئے ہوئے بیٹھے ہیں گزرگاہوں میں

نقشِ پاکو ترے آنکھوں سے لگانے والے

بختِ درشنؔ پہ بھی اِک بار نظر ہوجائے

بگڑی تقدیر زمانے کی بنانے والے

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

کنور مہندر سنگھ بیدی | کرپال سنگھ بیدار |ستنام سنگھ خمار | درشن سنگھ دکل | بلونت سنگھ فیض | گور بخش سنگھ مخمور جالندھری | پورن سنگھ ہنر | کرنیل سنگھ پنچھی | بی ڈی بیگم بوڑھ سنگھ